برما میں ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ملک چھوڑ کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے 1400 روہنگیا مسلمان خاندانوں کے لیے فلسطینی امدادی تنظیموں کی طرف سے مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔ یہ امداد ترک فاؤنڈیشن کے ذریعے بنگلہ دیش میں قائم روہنگیا مسلمانوں تک پہنچائی جائے گی۔
خبر رساں ادارے’اناطولیہ‘ کے مطابق ترکی کے امدادی ادارے’حجرالصدقہ‘ اور فلسطینی تنظیم ’جمعیہ القلوب الرحیمہ‘ نے جنوبی مشرق بنگلہ دیش میں کوکس بازار میں قائم بالوکالی‘ کیمپ میں موجود روہنگیا مسلمانوں تک نقد امداد اور غذائی سامان فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق فلسطینی اور ترک تنظیموں کے تعاون سے روہنگیا کے 400خاندانوں کو غذائی سامان جب کہ ایک ہزار سے زاید خاندانوں کو نقد امداد فراہم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں ’بالوکالی‘ پناہ گزین کیمپ روہنگیا مسلمانوں کا سب سے بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ اس کیمپ میں حالیہ ایام میں برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے بعد ہزاروں پناہ گزین منتقل ہوئے ہیں۔ کیمپ میں موجود روہنگیا مسلمانوں کی تعداد 90 ہزار سے زاید ہے۔
ترک امدادی ادارے کی ٹیم کے رکن حاجی ڈورسون تونگ نے اناطولیہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کی آمد کا سلسلہ روز مرہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ایک ماہ کے دوران ساڑھے چار لاکھ روہنگیا مسلمانوں نے بنگہ دیش کی طرف ھجرت کی ہے۔