شنبه 16/نوامبر/2024

عباس ملیشیا نے ایک فلسطینی شہری کو گھر میں گھس کر قتل کر ڈالا

جمعرات 14-ستمبر-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں آج بدھ کو علی الصباح یطا کے مقام پر عباس ملیشیا نے ایک گھر میں گھس کراندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ عدالت کو مطلوب ایک اشتہاری کو پولیس کے ساتھ مقابلے میں قتل کیا گیا ہے۔

مقامی فلسطینیوں نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ عباس ملیشیا نے یطا میں ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں مارے جانے والے شہری کی شناخت عبدالجلیل الھرموش کے نام سے کی گئی جب کہ فوزی ابو طبیخ نامی شہری شدید زخمی ہوا ہے۔

ادھر فلسطینی اتھارٹی کے پولیس ترجمان جنرل عدنان الضمیری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بدھ کو علی الصباح سیکیورٹی فورسز اور اشتہاریوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں افراد شہریوں کو ہراساں کرنے، منشیات کی ترویج اور دیگر جرائم میں عدالت کو مطلوب تھے۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پرانہوں نے پولیس پر گولیاں چلا دیں۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

عدنان الضمیری کے مطابق فائرنگ میں مارے جانے والے اشتہاری کی عمر 34 سال تھی اور اس کی شناخت عبدالجلیل الھرموش کے نام سے کی گئی تھی۔  وہ کئی ماہ سے مفرور تھا اور عدالت نے اسے گرفتار کرکے پیش کرنے کے احکامات صادر کررکھے تھے۔ فائرنگ میں زخمی ہونےوالا دوسرا شخص بھی جرائم میں ملوث ہونے کے باعث عدالت کو مطلوب تھا۔

 

مختصر لنک:

کاپی