چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطین ۔ افریقا عرب سربراہ کانفرنس بلانے کا مطالبہ

جمعرات 14-ستمبر-2017

حال ہی میں 14 مغربی افریقی ملکوں اور اسرائیل کے درمیان اکتوبر کے آخر میں مجوز سربراہ کانفرنس کے ملتوی کیے جانے کے بعد فلسطینی میں عوامی، سماجی اور سیاسی سطح پر ایک نیا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ اس مطالبے میں اسرائیل کے بجائے مغربی افریقی ممالک اور فلسطین کی سربراہ کانفرنس بلانے پر زور دیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق انٹرنیشنل القدس فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افریقی ممالک اور اسرائیل کے باہمی اشتراک سے اکتوبر کے آخر میں ہونے والی سربراہ کانفرنس کی ناکامی سیاسی، ابلاغی اور سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

مغربی افریقی ملکوں اور اسرائیلی ریاست کی سربراہ کانفرنس ملتی کیا جانا حق، فلسطینی قوم، انصاف اور انسانیت کی فتح ہے۔ افریقی ممالک کو اس امر کا بہ خوبی ادراک کرنا چاہیے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے ساتھ قضیہ فلسطین کے بارے میں کوئی موثر اور ٹھوس لائحہ عمل کیسے مرتب کرسکتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف عالمی صہیونی لابی ہے جو افریقی ممالک کو ایک سازش اور لالچ کے ذریعے صہیونی ریاست کی گود میں بٹھانا چاہتی ہے۔ جب کہ دوسری طرف انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ہیں جو ان ممالک پر مسئلہ فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کے لیے اپنا روایتی کردار ادا کرنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔

خیال رہے کہ افریقی ملکوں اور اسرائیل کی سربراہ کانفرنس کی میزبانی مغربی افریقا کے ملک ’توگو‘ کو سونپی گئی تھی تاہم حال ہی میں توگو نے سربراہ کانفرنس ملتوی کرنے کی درخواست دی تھی۔

انٹرنیشنل القدس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل یاسین حمود نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فطری طور پرافریقی ممالک کو اسرائیل نہیں بلکہ فلسطینی قوم کا ساتھ دینا چاہیے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ فلسطین اور افریقی ممالک کی سربراہ کانفرنس منعقد کی جائے اور دنیا سمیت صہیونی لابی کو یہ پیغام دیا جائے کہ افریقی ممالک فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

 

مختصر لنک:

کاپی