قطر کی حکومت نے کہا ہے کہ دوحہ کی جانب سے محصورین غزہ کی امداد جاری ہے اور آئندہ بھی اسے بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ یقین دہانی اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ٹیلیفون پر بات کرت ہوئے کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ قطری وزیرخارجہ محمد عبدالرحمان آل ثانی نے حماس کے سیاسی شعبےکے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ قطری وزیرخارجہ نے اسماعیل ھنیہ، حماس کی قیادت اور پوری فلسطینی قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دوحہ کا مسئلہ فلسطین کے بارے میں موقف آج بھی وہی ہے جو پہلے تھا اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ہم غزہ کی امدادی جاری رکھیں گے۔
عبدالرحمان آل ثانی کا کہنا تھا کہ دوحہ فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے گا۔
دوسری جانب اسماعیل ھنیہ نے قطری وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہا کہ دوحہ نے ہمیشہ فلسطینی قوم کی مدد بالخصوص غزہ کی پٹی کے محصورین کی امداد کی ہے۔ حماس اور فلسطینی قوم قطر کی امداد اور اس کے فلسطین نواز موقف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔