سوڈان کی حکومت نے باور کرایا ہے کہ اکتوبر کے آخر میں افریقی ملک توگو کی میزبانی میں ’اسرائیل ۔ افریقا‘ کی سربراہ کانفرنس میں خرطوم کسی صورت میں شریک نہیں ہوگا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوڈانی صدر عمرالبشیر کے معاون خصوصی ابراہیم السنوسی نے ایک بیان میں کہا کہ ان کا ملک آئندہ ماہ اکتوبر میں ’توگو‘ کی میزبانی میں ہونے والی سربراہ کانفرنس کا حصہ نہیں بنے گا۔
اپنے ایک بیان میں ابراہیم السنوسی نے کہا کہ سوڈان ایسی کسی کانفرنس میں شرکت نہیں کرے جس میں اسرائیل بھی شریک ہوگا۔ ایسی کانفرنسوں میں شرکت کا مطلب صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے مترادف ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔
سوڈان کی حکمراں جماعت ’پیپلز کانگریس‘ کے سابق سیکرٹری جنرل اور صدر کے مشیر خصوصی نے کہا کہ قضیہ فلسطین کی حمایت خرطوم کی خارجہ پالیسی کا محور ہے۔ یہ موقف صرف حکومت کا نہیں بلکہ پوری سوڈانی قوم فلسطینیوں کی دیرینہ حامی ہے۔
انہوں نے افریقی ملکوں میں اسرائیلی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے بعض ممالک تجارتی مقاصد کے لیے صہیونی ریاست کےساتھ راہ و رسم بڑھا رہے ہیں۔
ابراہیم السنوسی نے کہا کہ خرطوم نے افریقی خطے اسرائیلی مداخلت کی مخالفت کی۔ آئندہ بھی اسرائیلی ریاست کی مداخلت کی مخالفت جاری رکھی جائے گی۔