چهارشنبه 30/آوریل/2025

القدس میں الجزیرہ ٹی وی کے نامہ نگار کے لائسنس کی معطلی موخر

جمعرات 31-اگست-2017

اسرائیلی حکومت کی جانب سے قطر کے مقبول ٹی وی چینل ’الجزیرہ‘ کی نشریات پر پابندی عاید کیے جانے کے بعد ٹی وی سے وابستہ نامہ نگاروں کے اجازت نامے اور لائسنس معطل کرنے پر غور شروع کیا تاہم القدس میں الجزیرہ کے نامہ نگار الیاس کرام کا لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ موخر کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں چند روز پہلے اسرائیلی حکومت نے صحافی الیاس کرام کا لائسنس عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کو اسرائیلی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس میں الجزیرہ ٹی وی کے نامہ نگار الیاس کرام کا لائسنس جزوی طور پرمعطل کرنے کا فیصلہ ملتوی کر دیا ہے۔

چھ اگست کو اسرائیلی وزیر مواصلات ایواب قرار نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں الجزیرہ ٹی وی چینل کی نشریات بندکرتے ہوئے ٹی وی کے مقامی دفاتر پر پابندی عاید کردی تھی۔ اسرائیلی حکومت کی طرف سے الجزیرہ پر صہیونی ریاست کے خلاف تشدد بھڑکانے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔

ٹی وی چینل کی نشریات پر پابندی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب الجزیرہ سے وابستہ ایک سینیر صحافی کا اجازت نامہ جزوی طورپر معطل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی عوامی اور صحافتی حلقوں نے الجزیرہ ٹی وی کے القدس میں نامہ نگار اور بیورو چیف الیاس کرام کا لائسنس معطل کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل کی ابلاغی دہشت گردی قرار دیا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی