جمعه 15/نوامبر/2024

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ غزہ اہم پیش رفت ہے:حماس

جمعرات 31-اگست-2017

اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس کے دورہ غزہ کو غیرمعمولی اہمیت کا حامل اور محصورین غزہ کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے یو این سیکرٹری جنرل کے دورہ غزہ کے بعد جماعت کے باضابطہ رد عمل میں کہا کہ اگرچہ انتونیو گوٹیریس نے غزہ کی پٹی کے دورے کے دوران اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کے اقارب کے دکھوں پر مرہم رکھنے کی کوئی کوشش نہیں مگر اس کے باوجود حماس ان کے دورے کو اہمیت کا حامل قرار دیتی ہے۔

فوزی برھوم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایک ایسے وقت میں غزہ کا دورہ کیا ہے جب وہاں کی دو ملین آبادی بدترین انسانی بحران کا سامنا کررہی ہے۔ اسرائیلی ریاست کی جانب سے فلسطینی شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مقدس مقامات کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں عالمی ادارے کے سربراہ کا غزہ کی پٹی کا دورہ اہمیت کا حامل ہے۔

حماس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی پریس کانفرنس میں کیے گئے مطالبات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی دس سال سے مسلط پابندیوں کو ختم کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی کا دورہ کیا تھا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے غزہ کی پٹی پر مسلط اسرائیلی پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

مختصر لنک:

کاپی