چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ میں جنگ سے تباہ 75% مکانات کی تعمیر نو مکمل

بدھ 30-اگست-2017

فلسطینی وزارت ہاؤسنگ وبہبود عامہ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنہ 2014ء کے دوران دو ماہ تک غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں تباہ ہونے والے 75 فی صد مکانات کی تعمیر نو مکمل کرلی گئی ہے۔ جب کہ اگلے چھ ماہ کے دوران مزید گھروں کی تعمیر بھی مکمل کرلی جائے گی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزیر برائے ہاؤسنگ مفید الحساینہ نے میڈیا کو بتایا کہ اگر حکومت کو 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم مل گئی تو وہ چھ ماہ میں باقی ماندہ تباہ ہونے والے مکانات کی تعمیر مکمل کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں مکانات کی تعمیر نو کا مشکل مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ تین سال کے عرصے میں تباہ ہونے والے 75 فی صد مکانات کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مفید الحساینہ نے کہا کہ سعودی عرب کے ترقیاتی فنڈ کی جانب سے 12 فلسطینی خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ پیش آئند ایام مین سعودی عرب کی طرف سے 40 ملین ڈالر کی گرانٹ ملنے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کویت کی امداد سے 2250 رہائشی مکانات مکمل کرلیے گئے ہیں جب کہ 382 مکانات کی تعمیر جلد مکمل کرلی جائے گی۔ کویت کی طرف سے جنگ میں تباہ ہونے والے مکانات کی تعمیر کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے لیے بھی 35 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ 8 جولائی سے 26 اگست تک جاری رہنے والے صہیونی جنگ کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں 2200 سے زاید فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوگئے تھے۔ بمباری سے 13 ہزار 217 مکانات تباہ، 62 مساجد شہید اور 109 مساجد کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی