فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں کل اتوار کو تین بد بخت سگے بھائیوں نے اپنے باپ کو قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو گاڑی سمیت آگ لگا دی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق پولیس کا کہناہے کہ اسے اطلاع ملی کی بیت لحم میں سڑک پرایک ٹریفک حادثے کے بعد گاڑی کو آگ لگ گئی ہے۔ پولیس ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں تو انہوں نے گاڑی کولگی آگ بجھانے کے بعد اس میں موجود 65 سالہ یوسف ابو عمر کی نعش باہر نکالی۔ ابتدائی طور پراس واقعے کو ٹریفک حادثے کا نتیجہ قرار دیا تاہم پولیس کے مزید تحقیق کی تو وہاں پر پٹرول کے چھڑکے جانے کی نشاندہی ہوئی۔
پولیس ترجمان لوئی ارزیقات کا کہنا ہے کہ فوری طورپر چھاپہ مار کر ابو عمر کے تین جواں سال بیٹوں کو حراست میں لے لیا جب کہ یوسف ابو عمر کی نعش اسپتال منتقل کرکے اس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔
پولیس کی تفتیش کے بعد تینوں بیٹوں نے اقبال جرم کرتے ہوئے اپنے والد کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش گاڑی میں جلانے کے جرم کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے خلاف قوانین کے تحت عدالتی کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہیں جلد ہی عبرت ناک سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔