اسرائیلی فوج نے انکشاف کیا ہے کہ فلسطینی شہروں میں اسرائیل کے خلاف نکالے جانے والے جلوسوں اور مظاہروں کی کوریج کرنے کے لیے فوج کی خصوصی بٹالین تیار کی جا رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’بٹالین 636‘ کو خصوصی طور پر فلسطینی مظاہروں اور جلسوسوں پر نظر رکھنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نئی فوجی بٹالین کی تیاری کا مقصد فلسطینی شہروں میں اسرائیل مخالف نکالےجانے والے جلوسوں کی ویڈیوز اور تصاویر بنانا ہے۔ تاکہ ان تصاویر اور ویڈیوز کی روشنی میں ان فلسطینیوں کی نشاندہی کی جاسکے جو ان مظاہروں میں حصہ لیتے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق گذشتہ جمعہ کے روز فلسطین کے مختلف شہروں میں ہونے والے فلسطینی مظاہروں کی کوریج کے لیے فوج کے خصوصی اہلکاروں کو بھی دیکھا گیا۔ اسرائیلی فوجیوں کو فلسطینیوں کے مظاہروں کی کوریج کے لیے مخصوص مقامات پر متعین کیا جاتا ہے۔
مبصرین کے مطابق صہیونی فوج کے اس اقدام مقصد مظاہروں میں حصہ لینے والے فلسطینیوں کی نشاندہی کے بعد انہیں گرفتار کرنا اور مظاہرے منظم کرنے سے روکنا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے پرامن مظاہرین کی تصویر کشی کرنا اور اس کے بعد ان تصاویر کی روشنی میں مظاہروں میں حصہ لینے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا پرامن مظاہروں کا حق سلب کرنے کی ایک نئی صہیونی چال ہے۔