افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شیعہ مسجد میں حملے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے ہیں۔
وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 40 کو مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
اس سے پہلے افغان وزراتِ داخلہ نے کہا تھا کہ ایک خود کش حملہ آور نے پہلے خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے بعد مسلح افراد مسجد کے اندر گھس گئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والے حملے کے بعد پولیس نے اسلامی امارات نامی گروہ سے منسلک شدت پسندوں کو ہلاک کیا۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں مسجد کی سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔
شدت پسند تنظیم ’دولت اسلامی‘ داعش نے کابل میں اہل تشیع کی مسجد میں بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔