چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ میں قطری کمیٹی کے ذمہ داراں کو واپس بلائے جانے کی تردید

جمعرات 24-اگست-2017

فلسطین سے علاقے غزہ کی پٹی میں تعمیر نو اور بحالی کے لیے قطر کی قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ سفیر محمد العمادی اور ان کے نائب خالد الحردان کے واپس بلائے جانے اور دوبارہ غزہ نہ بھجوانے کی خبروں پر کمیٹی کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ قطری کمیٹی کا کہنا ہے کہ زرد صحافت میں شائع افواہوں پر یقین کرنے کی ضرورت نہیں۔ قطری کمیٹی کے سربراہ اور دیگر ذمہ داران کو واپس بلائے جانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور نہ ہی وہ غزہ سے باہر گئے ہیں۔

خیال رہے کہ بعض ذرائع ابلاغ نے خبریں شائع کی تھیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ غزہ میں قطر کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ محمد العمادی اور ان کے نائب غزہ سے واپس چلے گئے ہیں۔ اب وہ غزہ واپس نہیں لوٹیں گے۔

قطری کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد العمادی فلسطینی اتھارٹی کے ہاں سفیر بھی ہیں اور وہ تواتر کے ساتھ غزہ کی پٹی آتے جاتے رہتےہیں۔ ان کا حالیہ دورہ غزہ بھی اگست کے اوائل سے طے تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد العمادی رواں سال کے آخر تک دوبارہ غزہ آئیں گے اور شیڈول کے مطابق غزہ میں نئے ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

کمیٹی کا کہنا ہے کہ قطر کی طرف سے غزہ کی پٹی میں جاری ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے بعد نئے منصوبوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔ دوحہ غزہ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور اس کی طرف سے فلسطینی قوم کی حمایت اور مدد جاری رہے گی۔

مختصر لنک:

کاپی