قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں ایک اسکول کی عمارت کو بلڈوزروں کی مدد سے مسمار کردیا۔ یہ مسماری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہےجب فلسطین میں آج سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہو رہا ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ قابض صہیونی فوج نے بھاری نفری نے شہر کے مشرقی علاقے جب الذیب میں ایک اسکول کا گھیراؤ کیا۔ پہلے اسکول کی عمارت کو بارود کے دھماکے سے اڑا دیا۔ اس کے بعد اس کی بچ جانے والی دیواروں کو بلڈوزروں کی مدد سے مسمار کرڈالا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کی طرف سے دعویٰ کیاگیا ہے کہ یہ اسکول اسرائیلی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کیا گیا تھا۔
فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے دو روز قبل اسکول کی انتظامیہ کو اس اسکول کی عمارت میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے سے روک دیا تھا۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ اسکول کی عمارت کو خالی رکھا جائے اسے کسی بھی وقت مسمار کردیا جائے گا۔