امریکا نے شام میں اپنی فوج مستقل بنیادوں پر رکھنے کی خبروں کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ داعش کی شکست و ریخت کے بعد امریکا شام سے اپنی فوجیں واپس بلا لے گا۔
امریکی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ہیذر نویرٹ نے ایک بیان میں کہا کہ شام میں ہماری مہم واضح ہے اور وہ داعش کی شکست ہے۔ ہم اپنے اصل ہدف سے توجہ نہیں موڑیں گے۔ شام اور عراق دونوں ملکوں میں داعش کو شکست سے دوچار کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ شام اور عراق میں امریکی فوج کی نوجودی کے مقاصد واضح ہیں۔ ہم شام اور عراق کے عوام کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ شام میں وہاں کے عوام ہی حکمرانی کریں۔ امریکا وہاں حکمرانی نہیں کرے گا۔
خیال رہے کہ شمالی شام میں سرگرم ڈیموکریٹک فورسز نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسے یقین ہے کہ شام میں موجود امریکی فوج طویل مدت تک قیام کرے گی۔ امریکی فوج اور ڈیموکریٹک فورسز کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔