فلسطینی اتھارٹی کےماتحت سیکیورٹی اداروں نے تازہ چھاپہ مار کارروائیوں میں پانچ سابق اسیران سمیت کم سے کم سات فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن کے مختلف علاقوں میں عباس ملیشیا کی تازہ کارروائیوں کے دوران نہتے شہریوں کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ متعدد شہریوں کو سیکیورٹی مراکز میں پیشی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ عباس ملیشیا نے تلاشی کے دوران ایک سابق اسیر کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ دسیوں فلسطینی پہلے سے مسلسل غیرقانونی طور پر حراست میں ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی جانب سے جاری کردہا یک بیان میں بتایا گیا ہے کہ عباس ملیشیا نے الخلیل شہر میں تلاشیی کے دوران سابق اسیران ابراہیم حسن حسین ارزیقات، احمد محمود الزعبی الطردہ اور مجدی احمد الطردہ کو تفوح کے مقام سے گرفتار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک دوسری کارروائی میں سابق اسیر مصعب الھور اور سامح القواسمی کو حراستی مرکز میں طلب کرنے کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔ اس دوران ھیثم قواسمی کے گھر پرچھاپہ مارا گیا۔ تلاشی کے دوران گھرمیں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی اور القواسمی کو سیکیورٹی مرکز میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا۔
ادھر عباس ملیشیا نے الخلیل کے سابق اسیر مروان ابو فارہ کو اریحا جیل میں ڈال دیا ہے اور اس کی مدت حراست میں مزید 15 روز کی توسیع کی گئی ہے۔ ابو فارہ کو 200 اردنی دینار جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔