خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قطری عازمین حج کے مملکت میں داخلے کے لیے زمینی، فضائی اور سمندری راستے کھولنے کا حکم دیا ہے۔ شاہ سلمان کی طرف سے یہ اقدام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سفارش کے بعد کیا گیا ہے، جو قطر اور سعودی عرب کے درمیان جاری بحران کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
شاہ سلمان نے قطر اور سعودی عرب کے درمیان گذرگاہ کھولنے اور انہیں مناسک حج کی ادائی میں ہرممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شاہ سلمان کی طرف سے قطری عازمین حج کو دوحہ سے خصوصی حج پروازوں کے ذریعے مکہ مکرمہ لانے اوراپنے خرچ پرانہیں حج کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق شاہ سلمان کی طرف سے قطری عازمین حج کو سہولیات دینے کے احکامات ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز کی سفارش پر جاری کیے ہیں۔ قبل ازیں شہزادہ محمد بن سلمان اور قطر کے حکمران خاندان کے ایک سرکردہ رہ نما الشیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن قاسم آل ثانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ملکوں کے مضبوط تاریخی تعلقات اور دو طرفہ قومی بھائی چارے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شہزادہ محمد کا کہنا تھا کہ سعودی اور قطری اقوام کے تعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں۔
اس موقع پرالشیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن قاسم آل ثانی نے قطری عازمین حج کے لیے سعودی عرب کی سرحد پر زمینی راستہ کھولنے کی تجویز پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔
بعد ازاں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ہدایت کی کہ قطر کہ وہ تمام شہری جو فریضہ حج ادا کرنا چاہتے ہیں مگر وہ آن لائن رجسٹریشن نہیں کراسکے انہیں مناسک حج کی ادائی کے لیے زمینی راستے سے سعودی عرب آنے کی اجازت دی جائے۔
شاہ سلمان کی طرف سے سعودی حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ ان کی میزبانی میں شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے، دمام ہوائی اڈے اور الاحساء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے دوحہ کے لیے سعودی ایئرلائن کی خصوصی حج پروازیں شروع کریں تاکہ قطری عازمین حج کو بروقت مملکت میں پہنچایا جا سکے۔