بدھ کے روز ایک گمراہ شخص کے خود کش حملے میں شہید ہونے والے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے کمانڈر نضال الجعفری کو گذشتہ روز آبائی علاقے رفح میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ میں شرکت اور اس کے آخری دیدار کے لیے عوام کا سمندر امڈ آیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نضال الجعفری کو بدھ کے روز رفح کے علاقے میں اس وقت خود کش حملے کا نشانہ بنایا تھا جب وہ سرحد پر سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہا تھا۔ خود کش حملے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔
گذشتہ روز شہید فلسطینی کمانڈر کو رفح کے علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید کا جسد خاکی رفح میں یوسف النجار اسپتال سے ایک جلوس کی شکل میں اس کے گھر تک لایا گیا جہاں عوام کا جم غفیر شہید کے آخری دیدار کے لیے جمع تھا۔
القسام بریگیڈ کے کمانڈر کی خود کش حملے میں شہادت پر پورا فلسطین سوگوار ہے۔ فلسطین کی نمائندہ مذہبی، سیاسی اور مزاحمتی شخصیات اور رہ نماؤں نے خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حماس کے ساتھ مکمل یکہجتی کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق شہید کی نماز جنازہ رفح میں مسجد العودہ کے گراؤنڈ میں ادا کی گئی جہاں لاکھوں کا مجمع موجود تھا۔
شہید کے جنازے کو حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سمیت جماعت کی مرکزی قیادت نے کندھا دیا۔ جنازے میں فلسطین کی تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے قائدین بھی شریک تھے۔