فلسطینی اتھارٹی کے انٹیلی جنس حکام کی جانب سے حراست میں لیے گئے چھ صحافیوں کو پانچ روز تک پابند سلاسل رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا ہے، جب کہ ایک صحافی کی مدت حراست میں توسیع کی گئی ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ بیت لحم کی مجسٹریٹ عدالت نے سوموار کو پانچ صحافیوں کی ضمایت پر رہائی کا حکم دیا۔ صحافی ممدوح حمامرہ اور قتیبہ قاسم کو فی کس ایک ہزار اردنی دینار ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم صحافی ثائر فاخوری کو بغیر کسی الزام اور ضمانت کے رہا کر دیا گیا۔
نابلس سے تعلق رکھنے والے صحافی طارق ابو زید اور الخلیل کے عامر ابو عرفہ اور احمد حلایقہ کو فی کس ایک ہزار دینار ضمانت پر رہا کیا گیا۔
فلسطینی پریس کلب کے مطابق انتظامیہ نے صحافی اسلام سالم کو آج منگل کی شام تک رہا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی اداروں نے گذشتہ جمعرات کو سات فلسطینی صحافیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔ ان کی گرفتاری نام نہاد سائبر ایکٹ کے تحت عمل میں لائی گئی تھی۔ یہ قانون حال ہی میں لاگو کیا گیا تھا۔