مصری محکمہ آثار قدیمہ وعجائبات نے میوزیم میں رکھی گئی ایک تاریخی ’فرعونی‘ پینٹنگ سے ’اسرائیل‘ کا نام مٹا کر اس کی جگہ فرعونی سلسلے کے مشہور بادشاہ ’مرنبتاح‘ کی فتوحات لکھنے پر ایک نیا تنازع اٹھ کھڑا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ ’مرنبتاح‘ فرعونی سلسلے کا مشہور بادشاہ تھا جس نے 1213 قبل مسیح سے 1203 قبل مسیح تک مصر پرحکومت کی۔
مصر کے سرکاری عجائب گھر میں رکھی گئی تاریخی پینٹنگز میں ایک تختی پر’اسرائیل‘ کا نام لکھا گیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصری عجائب گھر کی خاتون ڈائریکٹر صباح عبدالرزاق نے بتایا کہ انہوں نے مشہور مصری بادشاہ رمسیس الثانی کے 13 ویں بیٹے مرنبتاح کی مشہور پینٹنگ پر نصب تعارفی کارڈ پر اسرائیل کا نام تبدیل کرکے اس کی جگہ مرنبتاح کی فتوحات کا نام تحریر کیا ہے۔
انہوں نے مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ایک تاریخی تختی پر گذشتہ دس سال سے ’اسرائیل‘ لکھا گیا تھا مگر اب اس نام کو تبدیل کردیا گیا ہے۔
پینٹنگ پر نام کی تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے عجائب گھر کی عہدیدار نے کہا کہ حال ہی میں میوزیم کی طرف سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے تحقیق کے بعد پتا چلا تھا کہ پینٹنگ پر ’اسرائیل‘ کا نام غلطی سے لکھا گیا ہے۔ اس کے بعد اسے تبدیل کرکے ’انتصارات مرنبتاح‘ لکھ کر اسے درست کردیا گیا۔