فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور گھروں میں موجود شہریوں کو زدو کوب کیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کی طرف سے گھروں اور دکانوں کے باہر نوٹس چسپاں کیے گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج کی طرف سے چسپاں کردہ نوٹسز میں فلسطینی شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں داخل ہونے، القدس میں جانے یا بیرون ملک سفر کرنے سے قبل سول ایڈمنسٹریشن کے دفتر سے اجازت نامہ حاصل کریں تاکہ اس بات کی تصدیق کی جائے وہ کسی قسم کی مزاحمتی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر اور اس کے اطراف میں اتوار کو علی الصباح چھاپے مارے۔ تلاشی کی کارروائیوں کے بعد قابض فوج نے گھروں اور دکانوں کےباہر نوٹس چسپاں کیے جن میں فلسطینیوں کو خبردار کیاگیا ہے کہ وہ دہشت گردانہ سرگرمیوں سے خود کو دور رکھیں۔ غرب اردن سےباہر سفر کرنے والے فلسطینی پہلے اسرائیلی انتظامیہ کے سامنے پیش ہوں۔