جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ سے 800 عازمین حج کا پہلا قافلہ رفح گذرگاہ سے حجاز روانہ

پیر 14-اگست-2017

فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی کے عازمین حج کے سفرحج کے لیے بیرونی دنیا سے رابطے کا واحد ذریعہ رفح گذرگاہ کو عارضی طورپر کھول دیا گیا ہے جس کے بعد غزہ سے عازمین حج کا پہلا قافلہ آج سوموار کو مصر کے راستے سعودی عرب روانہ ہوا۔

مرکزاطلاعات فلسطین مطابق غزہ کی پٹی میں رفح گذرگاہ کے ڈائریکٹر اطلاعات ن وایل ابو عمر نے بتایا کہ غزہ کی پٹی سے 800 عازمین حج کا پہلا قافلہ آج سوموار کو حجاز مقدس روانہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مصری حکام کی طرف سے رفح راہ داری کے کھولے جانے کے بعد غزہ کی پٹی سے آنے والے عازمین حج مصری پلیٹ فارم پر پہنچے جہاں سے انہیں بسوں کے ذریعے قاہرہ لے جایا گیا۔

رفح گذرگاہ کو آئندہ جمعرات تک غزہ کے عازمین کی حجاز مقدس روانگی کے لیے کھولا جائے گا۔ اس دوران 2500 عازمین حج مناسک حج کی ادائی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ رفح گذرگاہ رواں سال مارچ کے بعد سے مسلسل بند ہے۔ اس دوران صرف چار روز کے لیے گذرگاہ کو بیرون ملک سے غزہ آنے والے شہریوں کے لیے کھولا گیا تھا۔

فلسطینی وزارت داخلہ کے مطابق رواں سال میں اب تک صرف دس دن تک رفح گذرگاہ کھولی گئی اور 215 دن تک بند رکھی گئی ہے۔

رفح گذرگاہ کی بندش کے باعث ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی بیرون ملک سفر سے محروم ہیں۔ غزہ میں وزارت داخلہ کے ہاں 35 ہزار شہریوں نے بیرون ملک سفر کے لیے اپنی رجسٹریشن کرائی ہے مگر گذرگاہ بند ہونے کے باعث فلسطینی بیرون ملک نہیں جاسکے۔ ان میں بڑی تعداد میں طلباء اور کاروباری لوگ شامل ہیں۔

 

مختصر لنک:

کاپی