فلسطین کی مختلف جماعتوں کا نمائندہ وفد دوطرفہ امور پر بات چیت کے لیےمصر پہنچ گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق 18 رکنی وفد میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے ارکان روحی مشتہی، ڈاکٹر صلاح الدین بردویل، اسماعیل الاشقر، اسلامی جہاد کے خالد البطش اور فتح کے اصلاح پسند گروپ کے دو رہ نما اشرف جمعہ اور ماجد ابو شمالہ شامل ہیں۔
یہ وفد حال ہی میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے وفد اور قاہرہ کے درمیان طے پانے والے امور کوآگے بڑھانے پر بات چیت کرے گا۔ اس کے علاوہ غزہ کی انتظامیہ، حماس اور مصر کے درمیان طے پائے اور پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔ اس کےعلاوہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ گیارہ سالہ ناکہ بندی کے خاتمے کے طریقہ کار بھی بات چیت کی جائے گی۔
فلسطینی وفد غزہ کی پٹی اور مصر کے درمیان سرحد پر سیکیورٹی کی صورت حال، سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات، غزہ کی پٹی میں بجلی کے بحران کے حل کے طریقہ کار، غزہ کو ایندھن کی سپلائی اور رفح گذرگاہ کو دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھولے جانے پر بات کرے گا۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں مختلف جماعتوں کے نمائندہ وفد کی قاہرہ روانگی سے قبل مصری انتظامیہ کی طرف سے رفح گذرگاہ کو خصوصی طور پرکھولا گیا تھا۔