قابض صہیونی فوج کی بھاری نفری نے آج ہفتے کو مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں بیت فجار کے مقام پر تین فلسطینی شہداء کے گھروں پر چھاپے مارے اور گھروں میں موجود بچوں اور خواتین کو زدو کوب کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق قابض فوج کی بڑی تعداد نے نماز فجر کے بعد بیت فجار کے مقام پر تین فلسطینی شہداء کےگھروں پر چھاپے مارے۔ گھروں میں تلاشی کی آڑ میں بڑے پیمانے پر توڑپھوڑ کی اور خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔ تاہم کسی شہری کی گرفتاری کی اطلاع نہیں مل سکی۔
خایل رہے کہ تینوں شہداء فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ القدس کے دوران اسرائیلی فوج کی دہشت گردی میں جام شہادت نوش کرگئے تھے۔ عصام ثوابتہ کو عتصیون چوک میں جب کہ دوسرے دو شہداء کو غرب اردن کے شمال میں واقع ارئیل یہودی کالونی کے قریب دوہرے فدائی حملے کے دوران شہید کیا گیا تھا۔
ادھر ایک دوسری پیش رفت میں ہفتے کے روز بیت لحم میں عایدہ پناہ گزین کیمپ کے قریب قائم اسرائیل کے فوجی کنٹرول ٹاور پر دیسی ساختہ دستی بموں سے حملہ کیا۔ اس واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے عایدہ کیمپ اور اس کے اطراف میں فلسطینی شہریوں کےگھروں پر چھاپے مارے تاہم کسی فلسطینی شہری کو حراست میں نہیں لیا گیا۔