قابض اسرائیلی فوج نے نہتے فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کا سلسلہ جاری ہے۔ آج جمعرات کو علی الصباح قابض صہیونی فوج نے غرب اردن کے وسطی علاقے رام اللہ میں دیر ابو مشعل اور سلواد کے مقامات پر واقع دو فلسطینی شہداء کے گھروں اور ایک اسیر کے مکان کو مسمار کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کو علی الصباح 50 اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے دیر ابو مشعل کا گھیراؤ کیا۔ قصبے کے تمام داخلی اور خارجی راسے سیل کردیے۔ قصبے میں کرفیو لگانے کے بعد بھاری مشینوں کی مدد سے شہید فلسطینی شہریوں براء احمد عطا اور اسامہ حمد عطا کے مکانات مسمار کردیے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے فلسطینی شہری کا مکان مسمار کرنے سے قبل گھر میں موجود تمام افراد کو باہر نکالا اس کے بعد مکان کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ اس موقع پر کرفیو کے باوجود شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور انہوں نے مکانات مسماری کے ظالمانہ اقدام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
قابض فوج نے شہید عادل عنکوش کے اہل خانہ کو بھی اس کے مکان سے باہر نکال دیا تاکہ مکان کی مسماری کی کارروائی شروع کی جاسکے، تاہم شہید عنکوش کے مکان کو آج کی کارروائی میں مسمار نہیں کیا گیا۔
ادھر اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے شمال میں سلواد کے مقام پر واقع 22 سالہ اسیر مالک حامد کے مکان کو بھی بھاری مشینری کی مدد سے منہدم کردیا۔
حامد کو اسرائیلی فوج نے چھ اپریل کو ’عوفرا‘ کالونی سے حراست میں لیا تھا۔ اس پر ایک اسرائیلی فوجی کو قتل کرنے اور تین کو زخمی کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔