چهارشنبه 30/آوریل/2025

ملائیشیا میں قبلہ اول اور القدس کے حوالے سے کتاب کی اشاعت

ہفتہ 5-اگست-2017

ملائیشیا میں القدس فاؤنڈیشن کے زیرانتظام حال ہی میں ایک کتاب شائع کی گئی ہے جس میں مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کی جانب سے لاحق خطرات اور مقدسات کے دفاع کے لیے عالم اسلام کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’القدس اور الاقصیٰ پنجہ یہود میں‘ کے زیرعنوان شائع کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ بہ یک وقت عربی، انگریزی اور ملایا زبانوں میں تیار کی گئی ہے۔ کتاب میں مشرقی بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کے پچاس سالہ قبضے، اس کے اثرات ومضمرات اور فلسطینیوں پر اسرائیلی پابندیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔

کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے فلسطینی تجزیہ نگار ڈاکٹر شریف ابو شمالہ نے کہا کہ ملائیشیا میں شائع کی گئی کتاب میں بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کو لاحق خطرات کو تصاویر کی مدد سے اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کتاب میں القدس میں یہودیانے کی اسرائیلی پالیسیوں، بیت المقدس اور اس کے باشندوں کے خلاف صہیونی ریاست کے جرائم القدس میں غیرقانونی یہودی آباد کاری کے تنازع فلسطین پر پڑنے والے منفی اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔

ملائیشیا القدس فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ کتاب میں تازہ ترین اور انتہائی مستند اعدادو شمار بیان کیے گئے ہیں۔ صہیونی ریاست کے اقدامات کے خلاف زیادہ سہل اسلوب اور پیرائے میں تفصیلات بیان کی گئی ہیں اور اسے بڑے پیمانے پر پسند کیا گیا ہے۔

ملائیشیا فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اسے توقع ہے کہ ملائیشیا میں شائع کی گئی کتاب نہ صرف الاقصیٰ اور القدس کے حوالے سے مستند معلومات کا ذخیرہ ثابت ہوگی بلکہ اس کتاب کی اشاعت سے ملائیشیا میں عوامی سطح پر القدس اور مسجد اقصیٰ کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

مختصر لنک:

کاپی