چهارشنبه 30/آوریل/2025

مصر کی سرحد پر کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر کا اسرائیلی منصوبہ

ہفتہ 5-اگست-2017

اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت مصر کی سرحد کے ساتھ زیرزمین کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر کے ایک منصوبے پر کام کررہی ہے۔

اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ملک کی جنوبی سرحد پر[مصر سے متصل] زیرزمین دیوار فاصل کی تعمیر کے منصوبے پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیرزمین دیوار کی تعمیر کا مقصد اسرائیل کی سلامتی کو داعش کی جانب سے لاحق خطرات کا تدارک کرنا ہے۔ مصر سے متصل سرحد پر دیوار کی تعمیر سے جزیرہ نما سیناء کے راستے اسرائیل میں داعشی جنگجوؤں کی درندازی کو روکا جاسکے گا۔

خیال رہے کہ داعش کی جانب سے اب تک نہ تو اندرون اسرائیل صہیونی ریاست کی تنصیبات پرحملے کیے گئے ہیں اور نہ اسرائیل سے باہر صہیونی ریاست کے مفادات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اخباری رپورٹ کے مطابق مصر سے متصل دیوار کی تعمیر ڈیڑھ سال میں مکمل کی جاسکے گی جس پر قریبا 90 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں ایک کلو میٹر دیوار تعمیر کی جائے گی تاہم اس دوران فوج کو یہ اندازہ ہوگا کہ آیا اس علاقے میں جنگجو درندازی کے لیے سرنگیں کھود رہے ہیں یا نہیں۔ اگلے مرحلے میں مزید دو کلو میٹر کے علاقے میں کنکریٹ کی زیرزمین دیوار تعمیر کی جائے گی۔

مصر کی سرحد سے متصل یہ دیوار اسرائیل کی طرف سے پہلی دیوار نہیں بلکہ اسرائیل اس سے قبل لبنان، اردن اور غزہ کی سرحد کے ساتھ بھی ایسی کنکریٹ کی دیواریں تعمیر کرچکا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی