فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ایک دیرینہ کارکن سرنگ میں کام کرتے ہوئے بجلی کا کرنٹ لگنے سے جام شہادت نوش کرگئے۔ حماس نے اپنے کارکن کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کا ایک مجاھد جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح کے علاقے میں مزاحمتی سرنگ کی تیاری کے دوران کرنٹ لگنے سے جام شہادت نوش کرگیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ رفح کے علاقے میں مزاحمتی کارکن 22 سالہ معاذ عمر ابو نعمہ مسجد خالد بن ولید کے قریب ایک سرنگ کی تیاری کے دوران کرنٹ لگنے سے خالق حقیقی سے جا ملے۔ القسام بریگیڈ اور حماس نے ابو نعمہ کی حادثے میں شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ شہید ابو نعمہ نے جہاد اور تحریک آزادی کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ فلسطینی مجاھدین ابو نعمہ شہید کی راہ ہر چلتے ہوئے قابض اسرائیلی دشمن کے خلاف مسلح مزاحت کے لیے تیاری جاری رکھیں گے۔