فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں 120 یہودی آباد کاروں نے اجوب رجب نامی ایک فلسطینی شہری کے گھر میں گھس کر گھر میں موجود تمام افراد کو باہر نکال دیا اور مکان پر قبضہ کر لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی آباد کاروں نے بدھ کی شام ابو رجب کے گھر پر قبضہ کیا اور آج جمعرات کو بھی یہودی اس گھر میں موجود ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق بدھ کے روز یہودی آباد کاروں نے مسجد ابراہیمی کے قریب واقع ایک مکان کا محاصرہ کیا۔ دو منزلہ مکان میں موجود فلسطینیوں کو بندوق کی نوک پر باہر نکالا اور اس کے بعد 120 یہودی اس میں داخل ہوگئے۔
مقامی فلسطینی شہریوں نے یہودی آباد کاروں کی غنڈہ گردی اور اشتعال انگیزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے یہودی اشرار سے مکان فوری طور پر خالی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ابو رجب خاندان نے اسرائیلی فوج کو بھی اس بارے میں آگاہ کیا ہے مگر ان کی شناخت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ یہودی آبادکار کھلے عام فلسطینی شہری کے مکان میں گھوم رہے ہیں جب کہ اہل خانہ کھلے آسمان تلے زندگی گذارنے پرمجبور ہیں۔ ابو رجب کا کہنا ہے کہ مکان میں آٹھ افراد رہتے ہیں جنہیں یہودیوں نے وہاں سے نکال باہر کیا ہے۔