تین روز قبل اردن میں اسرائیلی سفارت خانے میں فائرنگ کرکے دو اردنی شہریوں کے قتل میں ملوث اسرائیلی سفارت کار کے تل ابیب پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے بھی اپنے قاتل سفارت کار کو دفتر میں بلا کر اس کا شاندار استقبال کیا اور دو اردنی شہریوں کے قتل پر اس کی تعریف کی۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عمان میں اردنی سفارت خانے کے اہلکار اور سیکیورٹی افسر’زیو‘ کا تل ابیب پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ وہ وزیراعظم کے دفتر میں بھی آئے وزیر اعظم نیتن یاھو نے انہیں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے دو اردنی شہریوں کو قتل کرنے پر زیو کی تعریف کی۔
نیتن یاھو نے کہا کہ تم ایک بہادر شہری ہو۔ تم سے مل کر مجھے مسرت ہوئی۔ آپ نے اردن میں سفارت خانے میں جو کیا وہ درست کیا۔ یہ وقت کی ضرورت تھی۔
خیال رہے کہ زیو نامی اسرائیلی سفارت کار اور سیکیورٹی افسر نے تین روز قبل اردن میں قائم اسرائیلی سفارت خانے میں فائرنگ کرکے دو اردنی شہریوں کو قتل اور ایک اسرئیلی کو زخمی کردیا تھا۔ اس واقعے کے بعد قاتل اسرائیلی سفارت کار کو دیگر عملے کے ہمراہ واپس بلا لیا گیا تھا۔