چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی فوج باب الاسباط میں نمازیوں پر ٹوٹ پڑی، دسیوں زخمی

بدھ 26-جولائی-2017

فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے باہر باب الاسباط کے مقام پر نماز عشاء ادا کرنے میں مصروف فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دسیوں نمازی زخمی ہوگئے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی شہری باب الاسباط میں ابھی نماز عشاء ادا کررہے تھے کہ قابض فوج کی بھاری نفری نے انہیں گھیرے میں لے لیا اوران پر آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور دھاتی گولیوں سے حملے شروع کردیے۔

عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فوج نے نہتے نمازیوں پر دھاتی گولیوں، آنسوگیس کی شیلنگ، صوتی بموں اور دیگر آلات سے حملے کیے جس کے نتیجے میں متعدد نمازی زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کی دہشت گردی اور غنڈہ گردی کے باوجود شہری قبلہ اول کے باہر دھرنا جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ہلال احمر فلسطین کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی عملے نے 13 زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی جب کہ تین کو المقاصد اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں بچی بھی شامل ہے جس کے سر اور ہاتھ میں میں زخم آئے ہیں۔ دو نمازی دھاتی گولیوں سے زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے پرتشدد حربوں میں ایک خاتون صحافیہ فاطمہ البکری بھی زخمی ہوئی ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی