فلسطین کی اسلامی تحریک نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل ایک سازش کے تحت جماعت کے سربراہ الشیخ راید صلاح کو انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے تاکہ وہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے آواز بلند نہ کرسکیں۔
اسلامی تحریک کی جان سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے گذشتہ روز ام الفحم شہر میں الشیخ راید صلاح کے گھر کی تصاویر بنائیں اور فرار ہوگئے۔
ادھر اسلامی تحریک کے سربراہ الشیخ راید صلاح نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی ریاست ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انہیں گذند پہنچانا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری صہیونی ریاست پر عاید ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں الشیخ راید صلاح نے بتایا کہ اسرائیل ان کے ساتھ پیش آنے والے کسی بھی خطرناک واقعے کا ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی میری گرفتاری اور مقبوضہ فلسطین سے نکالے جانے کی مذموم مہم چلا رہے ہیں۔
الشیخ راید صلاح کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاست کے بعض سیاسی لیڈر میرے خلاف سازشوں میں سرگرم ہیں۔ ان سازشوں کا مقصد قبلہ اول کی حمایت میں میری آواز کو بلند کرنے سے روکنا اور زبان بند کرانا ہے مگر اسرائیلی انتظامیہ کی اس طرح کی تمام سازشیں بری طرح ناکام ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول کے خلاس اسرائیلی ریاست کے ظالمانہ اقدامات کسی صورت میں قابل قبول نہیں۔ فلسطینی قوم مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے ہرطرح کی قربانی دینے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔