مقبوضہ بیت المقدس میں کشیدگی اور اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نماز اور اذان پر عاید کردہ پابندیوں کے پر غور کے لیے اردن کی درخواست پرعرب لیگ کا ہنگامی اجلاس آئندہ بدھ کو قاہرہ میں طلب کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قاہرہ میں عرب لیگ کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان کہا گیا ہے کی عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس آئندہ بدھ کو طلب کیا گیا ہے جس میں بیت المقدس میں کشیدگی اور مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر عاید کردہ پابندیوں پر غور کیاجائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کے مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس آئندہ بدھ کو ہوگا جس میں حرم قدسی کی موجودہ صورت حال، مسجد اقصیٰ پراسرائیلی پابندیوں، مسجد کے باہر لگائے گئے برقی دروازے اور دیگر غیر قانونی صہیونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
ادھر عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد بو الغیط نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسجد اقصٰی میں فلسطینی نمازیوں کے داخلے پر اسرائیلی پابندیاں ناقابل قبول ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں کو عبادت سے روک کر اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی پابندیوں پر غور کے لیے اسلامی تعاون تنظیم’او آئی سی‘ اور عالمی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس آج سوموار ہو رہے ہیں۔