یکشنبه 23/مارس/2025

ترک صدرکی شاہ سلمان سے ملاقات، انسداد دہشت گردی پرتبادلہ خیال

پیر 24-جولائی-2017

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے جدہ میں ملاقات کی ہے اور ان سے قطر کے ساتھ خلیجی عرب ممالک کے جاری بحران، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سمیت خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ترک صدر خطے کے ملکوں کے دو روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں اتوار کو جدہ پہنچے ہیں جہاں ان کا شاہ سلمان کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل نے خیرمقدم کیا ہے۔ وہ سعودی عرب کے بعد کویت اور قطر جائیں گے۔

انھوں نے انقرہ کے اتاترک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جدہ کے لیے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’’ سعودی عرب پر قطر کے ساتھ جاری بحران کے حل کے لیے بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے‘‘۔

انھوں نے کہا :’’ ہم دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب جائیں گے۔اس کے ساتھ ہمارے تمام شعبوں میں تزویراتی تعلقات استوار ہیں۔ میں سعودی قیادت سے شامی فائل سمیت مختلف علاقائی امور پر تبادلہ خیال کروں گا ۔ہم سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں‘‘۔

واضح رہے کہ دہشت گردی مخالف گروپ چارسعودی عرب ، بحرین ، متحدہ عرب امارات اور مصر نے پانچ جون سے قطر کا سفارتی اور اقتصادی بائیکاٹ کررکھا ہے۔انھوں نے قطر پر خطے میں دہشت گرد اور انتہا پسند گروپوں کی حمایت کا الزام عاید کیا تھا جبکہ وہ اس الزام کی تردید کرتا چلا آرہا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی