چهارشنبه 30/آوریل/2025

القدس: یہودیوں کے لیے مزید809 گھروں کی تعمیر کی منظوری

اتوار 23-جولائی-2017

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کے لیے مزید 809 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔

اسرائیل کے ہفت روزہ عبرانی جریدے ’کول ھعیر‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ان مکانات کی تعمیر کا فیصلہ ایک ہفتہ قبل بیت المقدس کی مقامی اسرائلی حکومت کے قائم مقام میئر’میئر ترجمان‘ نے کیا تھا۔

اس سے قبل  اسرائیلی حکومت نے بیت المقدس میں قائم ’گیلو‘ یہودی کالونی میں یہودی آباد کاروں کو بسانے کے لیے مزید 355 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی  گئی ہے جب کہ ’راموت‘ کالونی میں 250، النبی یعقوب میں 220، بسغات زئیو میں 116 مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے مسجد اقصیٰ کے قریب جبل مکبر کے مقام پر 1330 کمروں پر مشتمل ایک بڑے ہوٹل کی تعمیر کے لیے بھی ٹینڈر طلب کئے ہیں۔

میئر ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت بیت المقدس میں حالات سازگار ہوتے ہی مزید یہودی آباد کاری کے منصوبوں کی بھی منظوری دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گیلو، بسغات زئیواور دیگر کالونیوں میں مزید تعمیرات کا وعدہ کیا ہے جس پر جلد عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔

حال ہی میں اسرائیلی اخبارات نے انکشاف کیا تھا کہ حکومت نے گیلو کالونی کی ہیمر گلیت شاہراہ پر 350 گھروں کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ یہ رہائشی فلیٹس دو 30 منزلہ پلازوں میں تعمیر کیے جائیں گے۔

مختصر لنک:

کاپی