اسرائیلی فوج نے یورپ سے آئے پارلیمانی وفد کو مسجد اقصیٰ کے دورے سے روک دیا۔ یورپی وفد د روز قبل بیت المقدس پہنچا تھا جہاں اس نے دو بار قبلہ اول کی طرف جانے کی کوشش کی مگر قابض صہیونی فوج نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق مسجد اقصیٰ کا دورہ کرنے کے لیے آنے والے یورپی پارلیمانی وفد میں آسٹریلیا کے سینیٹر لی ریانون، اسکاٹ لینڈ کے رکن پارلیمان پول موناھن اور دیگر شامل تھے۔ ان کے دورے کا مقصد بیت المقدس میں جاری یہودی آباد کاری، توسیع پسندی کے منصوبوں سے آگاہی حاصل کرنا اور اس کے ساتھ ساتھ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کی عاید کردہ پابندیوں کے بارے میں جان کاری حاصل کرنا ہے۔ تاہم صہیونی فوج نے یورپی پارلیمانی وفد کو مسجد اقصیٰ کے دورے سے روک دیا۔
یورپی پارلیمانی وفد نے بیت المقدس میں شعفاط پناہ گزین کیمپ کا دورہ کیا اور فلسطینی پناہ گزینوں کی مشکلات کےبارے میں آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر وفد کوبتایا گیا کہ کیمپ میں بنیادی سہولیات نام کی کوئی چیز نہیں اور کیمپ میں فلسطینی آبادی کے گنجائش زیادہ ہونے کے باعث فلسطینیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔