چهارشنبه 30/آوریل/2025

قبلہ اول کے باہردھرنا جاری، بیت المقدس میں ایک اور فلسطینی شہید

اتوار 23-جولائی-2017

مسجد اقصیٰ کے باہر فلسطینی شہریوں کا اسرائیلی  پابندیوں کے خلاف احتجاجی دھرنا بدستور جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے گذشتہ شام ایک اور فلسطینی شہری کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ سیکڑوں فلسطینی مظاہرین نے نماز عشاء باب الاسباط میں ادا کی۔ رات کو بھی بڑی تعداد میں فلسطینی باب الاسباط میں موجود رہے اور دھرنا جاری کھا۔ نماز فجر میں بھی فلسطینی مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ گذشتہ روز بیت المقدس میں کئی مقامات پر صہیونی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ اسرائیلی فوج نے العیزریہ کے مقام پر ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ سینے میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والے فلسطینی شہری کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

مقامی فلسطینی ذرائع نے شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت یوسف کاشور کے نام سے کی ہے جس کی عمر 24 سال بتائی جاتی ہے۔ فلسطینی شہری کی شہادت کے بعد فلسطینی مظاہرین مزید مشتعل ہوگئے اور انہوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔

ادھر فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور دوسرے علاقوں میں بھی مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائی پر عاید کردہ پابندیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ گذشتہ روز غرب اردن، غزہ اور دوسرے فلسطینی شہروں میں بڑی تعداد میں شہریوں نے دفاع الاقصیٰ ریلیوں میں شرکت کی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہریوں کی احتجاجی تحریک کو کچلنے کے لیے غرب اردن اور بیت المقدس میں فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ بیت المقدس کے تمام اہم مقامات پر اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد موجود ہے جس نے شہر کی مکمل ناکہ بندی کررکھی ہے۔ شہریوں کو گھروں سے دفاتر تک پہنچنے اور کاروباری مراکز میں آمد ورفت میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی