اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے تحریک فتح اور صدر محمود عباس سمیت ملک کی تمام نمائندہ قومی تنظیموں پر قبلہ اول کے دفاع کے لیے مشترکہ قومی حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ملک کو درپیش حالات اور مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی پابندیوں کے بعد حالات کا تقاضا ہےکہ پوری فلسطینی قوم ایک ہوجائے۔ حماس تمام فلسطینی جماعتوں پر مشتمل قومی حکمت عملی اپنانے کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ مسجد اقصیٰ کی تقسیم کے ناپاک صہیونی عزام کو مل کرخاک میں ملایا جا سکے۔
حماس کا کہنا ہے کہ جماعت صدر محمود عباس اور تحریک ’فتح‘ سمیت فلسطین کی تمام نمائندہ قوتوں کے ساتھ دفاع قبلہ اول کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہمارے دروازے فلسطین کی تمام جماعتوں کے ساتھ کھلے ہیں۔ فلسطینی قوم کے درمیان پائی جانے والی تقسیم قبلہ اول کے لیے نقصان دہ ہے۔
حماس نے عرب ممالک اور عالم اسلام پر بھی زور دیا کہ وہ دفاع قبلہ اول کے لیے فوری اور مشترکہ کوششیں شروع کریں۔ جماعت کا کہنا ہے کہ قبلہ اول کو درپیش چیلنجز سے نٹمنے کے لیے عالم اسلام اور عرب ممالک کی سطح پر موثر کوششیں ناگزیر ہیں۔ مسجد اقصیٰ صرف فلسطینیوں کا نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کا مسئلہ ہے اور اس کے دفاع کی ذمہ داری بھی سب پر عاید ہوتی ہے۔