شنبه 16/نوامبر/2024

’قبلہ اول پونے دو ارب مسلمانوں کی عزت و ناموس کا مسئلہ ہے‘

اتوار 23-جولائی-2017

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ قبلہ اول تنہا نہیں۔ الاقصیٰ ایک ارب 70 کروڑ مسلمانوں کی عزت و ناموس کا مسئلہ ہے۔ اس کا دفاع صرف فلسطینیوں پرنہیں چھوڑا جاسکتا۔ عالم اسلام کی طرف سے قبلہ اول پر اسرائیلی پابندیوں کے بعد اب مزید انتظار کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق طیب ایردوآن نے ان خیالات کا اظہار سعودی عرب روانگی سے قبل استنبول کے اتاترک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ ترک صدر خلیجی ملکوں سعودی عرب، کویت اور قطر کا دو روزہ دورہ آج سے شروع کررہے ہیں جس کا مقصد خلیجی بحران کے حل کے لیے ثالثی کی کوششیں کرنا ہے۔

صدر ایردوآن نے قبلہ اول میں فلسطینیوں کی نماز اور اذان کی ادائی پر عاید کردہ اسرائیلی پابندیوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی خطے میں قیام امن کی مساعی کی حمایت کے ساتھ ساتھ فلسطینی قوم کی آزادی کی جدو جہد کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم اپنے جائز اور آئینی طور پر مسلمہ حقوق کے حصول کے لیے لڑ رہےہیں۔ ہمارے فلسطینی بھائیوں کی جدو جہد عادلانہ ہے اور وہ اپنے بنیادی انسانی حق ’حق خود ارادیت‘ کے لیے لڑ رہے ہیں۔ ترکی ان کی تحریک آزادی کی حمایت کرتا رہے گا۔

انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق۔ عالمی قوانین، انسانی اقدار اور اخلاقی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے قبلہ اول سے نکل جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات خطے میں بدامنی اور کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔

 

مختصر لنک:

کاپی