چهارشنبه 30/آوریل/2025

الاقصیٰ پراسرائیلی پابندیاں ناقابل قبول ہیں: عالمی القدس فاؤنڈیشن

جمعہ 21-جولائی-2017

بین الاقوامی القدس فاؤنڈیشن نے اسرائیلی فوج کی طرف سے مسجد اقصیٰ کی بندش اور وہاں پر نماز اور اذان پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ المبارک کے باہر اسرائیلی فوج کی طرف سے نصب کردہ برقی دروازے مقدس مقام کی بے حرمتی کے مترادف ہیں۔ فلسطینی قوم اور پوری مسلم امہ اسرائیلی پابندیوں کو مسترد کرتی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بین الاقوامی القدس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل یاسین حمود نے ایک بیان میں بتایا کہ مسجد اقصیٰ کے بیرونی راستوں پر اسرائیلی فوج کی طرف سے نصب کردہ الیکٹرانک گیٹس کے معاملے پر بیت المقدس کے شہریوں، اندرون فلسطین کے باشندوں، عرب اقوام اور مسلم ممالک کو الجھانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔

یاسین حمود کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ اور حرم قدسی کے باہرنصب کردہ اسرائیلی برقی گیٹ فلسطینیوں کی مذہبی آزادی کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ فلسطینی قوم نے متفقہ طور پر اسرائیلی پابندیوں کومسترد کردیا ہے۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ کے داخلی راستوں پر نصب کردہ رکاوٹیں اور الیکٹرانک گیٹ فوری طور پرہٹانے اور فلسطینیوں کو آزادانہ طور پر مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائی کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ جمعہ کو مسجد اقصیٰ میں بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین فلسطینیوں کو شہید کرنے کے بعد مسجد اقصیٰ کو فلسطینی نمازیوں کے لیے بند کردیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی