بین الاقوامی علماء اتحاد کے سربراہ اور ممتاز عالم دین الشیخ یوسف القرضاوی نے مسلم اقوام پر زور دیا ہے کہ وہ دفاع قبلہ اول کے لیے گھروں سے نکل کر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور حصہ لیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دفاع قبلہ اول کے لیے کوششیں کسی ایک طبقے یا قوم کی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اپنے ایک بیان میں الشیخ یوسف القرضاوی نے کہا کہ نوجوان، خواتین، زندگی کے تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد، علماء کرام، صحافی اور قانون دان سب قبلہ اول کے دفاع کے لیے اپنے اپنے طور کام کریں۔
انہوں نے قبلہ اول میں فلسطینی نمازیوں کے داخلے پر عاید کردہ پابندیوں اور مسجد کے باہر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام اور مسلمانوں کی توہین قرار دیا۔
الشیخ القرضاوی کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ پوری مسلم امہ کا مقدس مقام ہے۔ اس کا دفاع اور حفاظت بھی سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مسجد کے باہر الیکٹرانک گیٹس اور کیمروں کی تنصیب عالمی قوانین، بین الاقوامی اصولوں اور آسمانی مذاہب کی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے عالم اسلام کی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول کے دفاع اور اس پر عاید کردہ اسرائیلی پابندیوں کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کریں۔