جمعه 15/نوامبر/2024

مسجد اقصیٰ کو لاحق خطرات پر اسلامی سربراہی کانفرنس بلانے کا مطالبہ

جمعرات 20-جولائی-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے مسجد اقصیٰ کو اسرائیلی حکومت کی طرف سے لاحق خطرات کے تدارک کے لیے عرب اور اسلامی سربراہ کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے عالم اسلام اور عرب ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بلا تاخیر قبلہ اول کے دفاع کے لیے عالمی سربراہ کانفرنس کا انعقاد کریں تاکہ مسجد اقصیٰ کو درپیش خطرات کا تدارک کیا جاسکے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں کے داخلے پر پابندیاں عاید کرکے اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے فلسطینی قوم سے اپیل کی کہ وہ کل جمعہ کو قبلہ اول کے دفاع اور اسرائیلی پابندیوں کے خلاف بہ طور احتجاج’یوم الغضب‘ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسرائیل کی پابندیاں توڑ کر مسجد اقصیٰ میں داخل ہوں۔

انہوں نے عرب ممالک اور مسلم اقوام پر بھی دفاع قبلہ اول کے لیے مظاہرے اور ریلیاں منعقد کرنے اور مقدس مقام کو لاحق خطرات کے دفاع کے لیے ہرسطح پر کوششیں کرنے پر زور دیا۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ کو اسرائیل کی طرف سے درپیش خطرات کے تدارک اور قابض صہیونی ریاست کی دہشت گردی کے خلاف پوری مسلم امہ کو اپنی صفوں میں اتحاد کی فضاء پیدا کرنا ہوگی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عرب لیگ اور او آئی سی کا فوری سربراہ اجلاس بلا کر مسجد اقصیٰ کو لاحق خطرات کے انسداد کے لیے موثر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

 

مختصر لنک:

کاپی