لبنان میں دفاع قبلہ اول کے لیے ایک عظیم الشان مارچ کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن ’ایسکوا‘[ESCWA] کے علاقائی دفتر کے باہر جمع ہو کر مسجد اقصیٰ کی حمایت اور اسرائیلی حکومت کی طرف سے عاید کردہ پابندیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز، کتبے، فلسطینی پرچم اور قبلہ اول کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ بینروں اور کتبوں پر مسجد اقصیٰ کی حمایت اور اسرائیلی پابندیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے قبلہ اول کے خلاف اسرائیلی پابندیوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے مسلم ممالک اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ قبلہ اول میں فلسطینیوں کے داخلے پر عاید کردہ اسرائیلی پابندیوں کا نوٹس لیں۔
نصرت الاقصیٰ مارچ کا اہتمام اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی مقامی قیادت کی طرف سے کیا گیا تھا تاہم مارچ میں لبنان کے تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے قبلہ اول کے ساتھ اپنے روحانی اور مذہبی تعلق کا ثبوت فراہم کیا ہے۔
دفاع قبلہ اول ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حماس رہ نما احمد عبدالھادی نے لبنانی صدر میشل عون کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی پابندیوں کی مذمت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ لبنانی حکومت، سیاسی قیادت اور عوام نے قبلہ اول کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرکے مسجد اقصیٰ کے حوالے سے اپنا قومی اور ملی فرض پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ لبنانی عوام کا یہ عظیم الشان اجتماع بھی دفاع قبلہ اول کے ساتھ اظہار یکجہتی کا واضح ثبوت ہے۔