فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح کی قیادت میں جماعت کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد حال ہی میں مصرکی دعوت پر قاہرہ گیا تھا۔ چند روز تک مصری قیادت سے بات چیت کے بعد اسلامی جہاد کا وفد گذشتہ شام کو واپس غزہ آ گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کے ترجمان داؤد شہاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت کے وفد کا دورہ مصر کامیاب رہا۔ اس دورے کے دوران اسلامی جہاد کی قیادت اور مصری حکام کے درمیان دو طرفہ دلچسپی کے امور، غزہ کی پٹی پر عاید پابندیوں میں نرمی اور فلسطینیوں کی آمد ورفت میں سہولت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مصری حکام نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے قیادت کے ساتھ طے پائے سمجھوتے کے بارے میں اسلامی جہاد کواعتماد میں لیا۔
داؤد شہاب نے کہا کہ اسلامی جہاد کے رہ نماؤں اور مصری قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مصری قیادت نے اسلامی جہاد کو یقین دلایا کہ سرحد پر امن وامان کے حالات کے بہتر ہوتے ہی غزہ کی پٹی کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اسلامی جہاد کے وفد کی فتح کے مںحرف رہ نما محمد دحلان سے ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے داؤد شہاب کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کسی بھی فلسطینی جماعت یا رہ نما سے ملاقات کے خلاف نہیں مگر حالیہ دورہ قاہرہ کے دوران اسلامی جہاد کے وفد کی دحلان کے ساتھ ملاقات نہیں ہوئی۔