لبنان میں دفاع قبلہ اول کے لیے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور جماعت اسلامی لبنان کی اپیل پر ایک عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس اور لبنان جماعت اسلامی کی نصرت الاقصیٰ کمیٹی کی طرف سے دفاع قبلہ اول ریلی کی کال دی گئی تھی۔ صیدا کے مقام پر منعقدہ ریلی میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے قبلہ اول میں داخلے کے لیے عاید کردہ اسرائیلی پابندیوں کو مسترد کردیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر مسجد اقصیٰ کی تصاویر اور اسرائیلی پابندیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے قبلہ اول کے خلاف اسرائیلی پابندیوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے مسلم ممالک اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ قبلہ اول میں فلسطینیوں کے داخلے پر عاید کردہ اسرائیلی پابندیوں کا نوٹس لیں۔
صیدا شہر میں شہداء گراؤنڈ میں جمع ہزاروں افراد نے قبلہ اول کی حمایت کے لیے مظاہرے جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔