فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقام پرگذشتہ روز اسرائیلی فوج نے ایک پرامن فلسطینی ریلی پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کفر قدوم کے مقام پر مقامی شہریوں نے اسرائیلی ریاستی دہشت گردی، یہودی آباد کاری اور دیوار فاصل کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لے فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے۔
غرب اردن کے شمالی شہر قلقیلیہ میں عوامی مزاحمتی کمیٹی کے رابطہ کارمراد اشتیوی نے ایک پریس بیان میں بتایا کہ کفر قدوم کے مقام پر نکالی گئی ایک احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوج نے آنسوگیس کی شیلنگ اور ربڑ کی دھاتی گولیوں کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے کفر قدوم میں گھر گھر تلاشی کی مہم شروع کی جس کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔
فلسطینی سماجی کارکن نے بتایا کہ کفر قدوم کے مقام پر فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور 14 سال سے بند شاہراہ کھولنے کی حمایت میں ریلی نکالی۔
اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں ایک اسرائیلی سماجی کارکن بھی شامل ہے۔ اسے موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی جس کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا۔
ادھر کفر قدوم میں ایک دوسرے مقام پر فلسطینی شہریوں نے بالفور ڈکلریشن کے ایک سو سال پورے ہونے کی مناسبت سے ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ اسرائیلی فوجیوں نے ریلی میں شریک پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر وحشیانہ لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔