اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں آج جمعہ کو مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں ایک فلسطینی نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، جس کے بعد آج جمعہ کے روز شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کو علی الصباح قابض صہیونی فورسز نے بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا اور گھر گھر تلاشی کے دوران فلسطینی شہریوں پر وحشیانہ تشدد کیا۔ قابض فوج کی جانب سے الدھیشہ کیمپ کے مکینوں کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج جمعہ کو اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں 18 سالہ فلسطینی نوجوان براء الحمامدہ شہید ہوگیا۔ الحمامدہ کے سینے میں متعدد گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ براء اسماعیل الحمامدہ کی شہادت اسرائیلی فوج کے خلاف نکالے گئے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران اس وقت ہوئی جب قابض فوج نے پرامن مظاہرین پر گولیاں برسا دیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو فلسطینی نوجوان شدید زخمی ہوئے ہیں جب کہ کئی فلسطینی شہری آنسوگیس کی شیلنگ سے دم گھٹنے سے بے ہوش ہو گئے۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے صحن میں فلسطینی نوجوانوں پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں دو تین فلسطینی نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطینی فدائی حملہ آوروں کی کارروائی کے نتیجے میں دو صہیونی فوجی بھی ہلاک ہوگئے۔