مقبوضہ بیت المقدس میں مسلمانوں کے تیسرے سب سے مقدس مقام مسجد اقصیٰ میں یہودی آبادکاروں کے ‘دورے’ کے دوران اسرائیلی پولیس افسر کی جانب سے اسرائیلی جھنڈا لہرانے پر علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
اسرائیلی پولیس کی حفاظت میں 80 آبادکاروں کا ایک مسجد کے المغاربہ دروازے سے احاطے میں داخل ہوگیا جہاں پر انہوں نے تلمودی رسومات کی ادائیگی کی۔
اس دھاوے کے دوران ایک اسرائیلی پولیس اہلکار نے فلسطینیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لئے اپنے کندھوں پر اسرائیلی جھنڈا اٹھا رکھا تھا۔ اس کے جواب میں فلسطینی نمازیوں اور مسجد اقصیٰ کے محافظوں نے نعرہ تکبیر بلند کرنا شروع کردئیے۔
مسجد اقصیٰ کے شعبہ اسلامی اوقاف نے اس اشتعال انگیز قدم کی شدید مذمت کی۔
حالیہ مہینوں کے دوران یہودی انتہاپسندوں نے اسرائیلی پولیس کی حفاظت تلے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخلے کی سرگرمیوں کو بڑھا دیا ہے۔ فلسطینی نمازی بھرپور کوشش سے ان آبادکاروں کی مخالفت کرتے ہوئے اور بعض اوقات نوبت پرتشدد جھڑپوں تک پہنچ جاتی ہے۔