اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے مصر کے جزیرہ نما سینا میں جمعہ کے روز ایک وحشیانہ کارروائی میں کئی مصری فوجیوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مجرمانہ اور دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس جزیرہ سیناء میں مصری فوجیوں پرحملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ان حملوں میں مصر دشمن عناصر ملوث ہیں جو برادر ملک مصر میں عدم استحکام کی سازشوں کو ہوا دے رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں حماس مصری عوام اور حکومت کے ساتھ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جزیرہ سیناء میں جمعہ کے روز مصری فوجیوں پر وحشیانہ حملہ بزدلانہ کارروائی اور وحشیانہ دہشت گردی ہے جس میں بے گناہ افراد کو قتل کیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز مصر کے جزیرہ نما سینا میں نامعلوم افراد نے حملہ کرکے کم سے کم پچیس مصری فوجیوں کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔