مصری فوج نے شمالی سیناء کے صوبے میں ایک خودکش حملے کو ناکام بنا دیا جس میں فوج کے تعیناتی مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
مصری فوج کے عسکری ترجمان کرنل تامر الرفاعی نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والی فورسز نے شمالی سیناء میں رفح کے جنوب میں دہشت گرد عناصر کے حملے کو پسپا کر ڈالا جس کے دوران 40 سے زیادہ دہشت گرد مارے گئے جب کہ 6 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
فوج کی تعیناتی کے ایک مقام پر بارود سے بھری گاڑیوں کے دھماکے کے نتیجے میں مصری فوج کے 26 اہل کار ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
اس سے قبل قبائلی ذرائع نے بتایا تھا کہ شمالی سیناء کے علاقے البرث میں دہشت گردوں نے ایک عسکری صدر دفتر کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی جس کے بعد تخریب کاروں کے گروپ اور فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ جھڑپوں میں کم از کم 25 دہشت گرد مارے گئے جب کہ فوج کے کئی افسران اور اہل کار بھی ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق حملے اور جھڑپوں کے دوران ایک بریگیڈ کمانڈر کرنل احمد منسی بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ فوج نے اس وقت الجورہ کے ہوائی اڈے کے قریب واقع گاؤں النقیزات کی مسجد الملاحی اور اطراف کے گھروں میں روپوش دہشت گردوں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
دہشت گردوں نے مصری فوج کے بریگیڈ پر تقریبا 12 فور وہیل ڈرائیو گاڑیوں اور درجنوں موٹر سائیکلوں کے ساتھ حملے کی کوشش کی۔ انہوں نے کارروائی کے آغاز میں گولہ بارود سے بھری دو گاڑیوں کے دھماکے بھی کیے۔