چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ: مزاحمت کاروں نے اسرائیلی ڈرون طیارہ قبضے میں لے لیا

منگل 4-جولائی-2017

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسطی قصبے میں حادثے کے دوران اسرائیلی فوج کے تباہ ہونے والے ڈرون طیارے کا ملبہ فلسطینی مزاحمت کاروں نے قبضے میں لے لیا۔

مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق منگل کو علی الصباح  وسطی غزہ کی پٹی میں المغازی پناہ گزین کیمپ میں گرنے والے اسرائیلی ڈرون طیارے کو فلسطینی مزاحمت کاروں نے قبضے میں لینے کے بعد اسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی طرف سے باضابطہ طور پر اس واقعے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ادھر اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے  ٹی وی چینل 10 نے فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ منگل کو علی الصباح فوج کا ایک ’اسکائی رائیڈر‘ نامی ڈرون طیارہ جنوبی غزہ میں دوران پرواز لاپتا ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فوج نے ڈرون طیارے کے ممکنہ حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے تاہم فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسے ڈرون کے  فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھ لگنے کی صورت میں حساس معلومات کے چوری ہونے کا  اندیشہ نہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل ڈرون طیاروں کو فلسطینی مزاحمت کاروں کے خلاف ٹارگٹ کلنگ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ جاسوسی کے مقاصد کے لیے بھی استعمال کرتا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ڈرون طیارے آئے روز غزہ کی فضائی حدود میں داخل ہوتے رہتے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی